فوج کے دو افسر سمیت سات جوان شہید،جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے
نئی دہلی، 29/نومبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) جموں وکشمیر کے نگروٹا میں ایک آرمی یونٹ پیر کو دہشت گردوں کی طرف سے کئے گئے حملے میں فوج کے دو افسر اور پانچ جوان شہیدہو گئے۔پولیس کی وردی میں آئے دہشت گردوں نے جموں کے مضافات نگروٹا میں فوج کے ایک آرٹلری یونٹ پر حملہ کیا۔جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مار گرائے گئے۔فوج کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس پولیس کی وردی میں آئے دہشت گردوں نے اندھا دھند گولیاں چلاتے ہوئے 166آرٹلری یونٹ پرحملہ کر دیا۔دہشت گرد حملے کے چلتے فوج کے کچھ افسروں کے وارثین کو خطرے کو دیکھتے ہوئے محفوظ نکال لیا گیا تھا۔فوج نے بتایا کہ فوجی کیمپ میں یرغمال جیسی صورتحال تھی لیکن وہاں سے تمام 12فوجیوں، دو خواتین اور دو بچوں کو کامیابی سے نکال لیاگیا۔نگروٹا میں فوج کے 16ویں پلٹن کا ہیڈکوارٹرہے۔حملے کو دیکھتے ہوئے جموں و سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک بند کردیاگیا۔احتیاطی طورپرضلع انتظامیہ نے نگروٹا تحصیل کے تمام اسکولوں کو بند کر دیا۔